پنجاب حکومت کھل کر سامنے آ گئی، اسمبلی سے نیب کے خلاف قرارداد منظور

Published On 28 Feb 2018 05:22 PM 

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے پنجاب اسمبلی سے نیب کے خلاف قرارداد منظور کر کے معاملہ قومی اسمبلی میں زیر بحث لانے اور نیب آرڈیننس میں ترامیم کا مطالبہ کر دیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارروائیوں کیخلاف پنجاب حکومت بھی کھل کر سامنے آ گئی، وزیرِ قانون رانا ثناء اللہ کی نیب کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں منظور کر لی گئی۔ اس قرارداد میں قرار دیا گیا ہے نیب قوانین بنیادی انسانی حقوق سے متصادم اور کارروائیاں سرکاری افسران کی تضحیک کا باعث ہیں۔

قرارداد میں وفاقی حکومت سے نیب کا معاملہ قومی اسمبلی میں زیرِ بحث لانے اور نیب آرڈیننس انیس سو ننانوے میں ترامیم کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

ادھر پنجاب اسمبلی میں تیسرے روز بھی فیصل سبحان کی گمشدگی اور دیگر معاملات پر ہنگامہ برپا رہا۔ حکومتی ارکان بھی اپوزیشن کے خلاف نعرہ بازی میں پیش پیش رہے۔ اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کیا تو حکومت نے نیب کے خلاف قرارداد منظور کرا لی۔