اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایران کے وزیرِ خارجہ جواد ظریف تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، وہ پاکستانی قیادت سے بات چیت کے علاوہ پاک ایران بزنس فورم سے خطاب اور تاجر برادری سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ایران کے وزیرِ خارجہ جواد ظریف تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام، ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست اور ایرانی سفارتخانہ کے حکام نے وزیرِ خارجہ جواد ظریف کا استقبال کیا۔ جواد ظریف اپنے قیام کے دوران صدر ممنون حسین سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ ایرانی وزیر خارجہ کے اعزاز میں صدر ممنون حسین ایک عشائیہ بھی دیں گے۔ ایرانی وزیرِ خارجہ جواد ظریف کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت اہم رہنماؤں سے بھی ملاقات ہو گی۔
ان ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات، چاہ بہار اور گوادر کی بندرگاہوں سے متعلقہ معاملات، ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ پر بات چیت ہو گی۔ ملاقاتوں میں ایران پاکستان بنکاری مسائل، کرنسی سویپ، سرحدی انتظام و منشیات سمگلنگ سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔