لاہور: (دنیا نیوز)حکومت اور مذہبی جماعتوں کے مذاکرات کامیاب ہو گئے،وزیرقانون پنجاب کا دعوی, وفاقی حکومت کے فیض آباد معاہدے پر عملدرآمد کا وعدہ، ظفرالحق رپورٹ شائع اور مقدمات ختم کرنے کی یقین دہانی بھی کروا دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت اور مذہبی جماعت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔ حکومت نے فیض آباد معاہدے پر عملدرآمد کا وعدہ کرلیا۔ ظفرالحق رپورٹ بھی وعدے کے مطابق شائع کی جائے گی۔
خیال رہے کہ تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺنے ملک گیر احتجاج کا سلسلہ شروع کردیا ہے ۔ مذہبی جماعت کے پنجاب بھر میں دھرنے، لاہور، راولپنڈی، مری، لیہ، مریدکے اور بورے والا سمیت مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن، ٹریفک کا نظام درہم برہم ہونے سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہے۔
مذہبی جماعت کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کا کہنا ہے کہ فیض آباد معاہدے پر عملدرآمد اور مطالبات کی من و عن منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔ مذہبی جماعت کے پنجاب بھر میں جاری دھرنے کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم، کارکنان ڈنڈے اور ٹائر لے کر سڑکوں پر موجود ہیں۔ مذہبی جماعت کے دھرنے سے جی ٹی روڈ پر لاہور تا پشاور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔