ملالہ، عمران پسندیدہ تر ین شخصیات کی فہرست میں شامل

Last Updated On 13 April,2018 08:32 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 2018 میں دنیا میں سب سے زیادہ پسند کی جانیوالی شخصیات کی فہرست میں جگہ بنالی۔

برطانوی نیوز ویب سائٹ یوگو کی سالانہ جائزہ رپورٹ کے مطابق ملالہ یوسفزئی اس فہرست میں ساتویں نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب رہیں جبکہ عمران خان 20 ویں نمبر پر براجمان ہیں۔ یہ فہرست مجموعی طور پر 20 خواتین اور 20 مرد حضرات پر مشتمل ہے ، جس کے نتائج کیلئے 35 ممالک کے 37 ہزار افراد کا آن لائن انٹرویو کیا گیا۔

مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس دنیا میں سب سے زیادہ پسند کیے جانیوالے مردوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں جبکہ خواتین کی فہرست میں امریکی اداکارہ انجلینا جولی سرفہرست رہیں۔ بل گیٹس کے بعد دوسرے نمبر پر سابق امریکی صدر باراک اوباما، تیسرے نمبر پر معروف چینی اداکار جیکی چن اور چوتھے نمبر پر چین کے صدر شی جن پنگ سب سے زیادہ پسند کی جانیوالی شخصیات میں شامل ہیں۔

دوسری جانب خواتین کی فہرست میں دوسرے نمبر پر سابق امریکی صدر باراک اوباما کی اہلیہ مشعل اوباما اور تیسرے نمبر پر امریکی اداکارہ اوپرا ونفرے سب سے زیادہ پسند کی جانیوالی شخصیات قرار پائیں۔ دنیا میں سب سے زیادہ تعریف وصول کرنیوالی خواتین کی فہرست میں 14 خواتین ایسی تھیں جو ہالی ووڈ، بالی ووڈ، گلوکاری یا میڈیا انڈسٹری سے تعلق رکھتی ہیں۔

اس فہرست میں بالی ووڈ اداکاراؤں میں ایشوریہ رائے بچن نے 11 ویں، پریانکا چوپڑا 12 ویں اور دپیکا پڈوکون نے 13 ویں نمبر پر جگہ بنائی۔