کراچی: (دنیا نیوز) سرکریک کا علاقہ قدرتی وسائل سے مالا ہے تو دفاعی اعتبار سے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان دشمن قوتوں کی نظر ہر وقت اس علاقے پر ہے لیکن پاک بحریہ کی سب میرین بٹالین دشمن کے ہرناپاک منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
سر کریک کا محاذ، ملکی دفاع اور وسائل کے اعتبار سے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ پاک میرینزکی ایک بٹالین سرکریک کے 7 ہزار 600 مربع کلومیٹر علاقے کی نگرانی اور دفاع پر معمور ہے جس میں جلد مزید دو بٹالینز کا اضافہ کیا جائیگا۔ سرحدی علاقے میں نگرانی کیلئے جدید ریڈار سسٹم نصب ہے اور اس کی مزید اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے۔
سرکریک کا علاقہ معدنیات، تمر کے جنگلات ، سمندری حیات اور تیل و گیس کے ذخائر سے مالا مال ہے یہی وجہ ہے کہ دشمن ہر وقت ان معاشی وسائل پر قبضے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ بھارتی فورسز پاکستانی علاقوں سے ماہی گیروں کو بھی گرفتار کر کے تشدد کا نشانہ بناتی رہیں لیکن مرینز کی کڑی نگرانی کے باعث دشمن اب ایسا کرنے کی جرات نہیں کر سکتا۔
پاک مرینز نے مقامی آبادی کومفت تعلیم اور علاج معالجے جبکہ ماہی گیروں کو سہولیات فراہم کیں۔ کیڈٹ کالج سجاول، اسکولز اور کالج کی تعمیر کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے۔ پاک بحریہ نے تمر کے جنگلات کو تحفظ دینے کے ساتھ نئے 20 لاکھ پودے لگائے جبکہ تمر کے مزید 10لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ سرکریک کے وسائل سے استعفادہ کرتے ہوئے تیل نکالنے کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔