نامور ادیب مظہر کلیم ایم اے انتقال کر گئے

Last Updated On 26 May,2018 02:45 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ہزاروں کتابوں کے مصنف اور'عمران سیریز' کے سینکڑوں ناول لکھنے والے نامور ادیب مظہر کلیم ایم اے ملتان میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ نامور ادیب کی ابدالی مسجد میں نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا۔

نامور ادیب مظہر کلیم ایم اے کا اصل نام مظہر نواز خان تھا، جن کا شمار پاکستان کے چند ایک مشہور و معروف مصنفین میں ہوتا ہے، اردو فکشن میں مظہر کلیم ایم اے کو ابن صفی کے بعد سب سے زیادہ پزیرائی ملی اور سینکڑوں عمران سیریز کے ناول لکھے۔

جاسوسی ناول "عمران سیریز" کا آغاز اگرچہ ابن صفی نے کیا لیکن مظہر کلیم نے اپنی عمران سیریز میں نئے کرداروں کو متعارف کروایا اور مقبولیت کی بلندیوں کو چھوا۔ مظہر کلیم ایم اے نے عمران سیریز کے 600 سے زائد ناول لکھے اور ان کی بچوں کے لئے لکھی جانے والی کتابوں کی تعداد 5 ہزار سے زائد ہے۔

مظہر کلیم 1942 میں ملتان میں پیدا ہوئے، انہوں نے ملتان اسلامیہ ہائی سکول میں تعلیم حاصل کی اور ایمرسن کالج سے بی اے کیا۔ اس کے بعد جامعہ بہاء الدین ذکریا یونیورسٹی ملتان سے اردو ادب میں ایم اے اور ایل ایل بی کیا۔ پیشہ کے لحاظ سے ایک قانون دان ہیں اور انہوں نے ناول نگاری کو ایک جزوقتی مشغلہ کے طور پر اپنایا۔ مظہر کلیم ایم اے ریڈیو ملتان کا مشہور سرائیکی ریڈیو ٹاک شو "جمہور دی آواز" کے اینکر پرسن بھی رہے۔