ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عاصمہ حامد کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

Last Updated On 20 June,2018 10:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عاصمہ حامد سمیت 10 اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرلز پنجاب کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔ وکلاء تنظیمیں عاصمہ حامد کی حمایت میں میدان میں آگئیں۔

عاصمہ حامد کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنی حکومت ختم ہونے سے 2 روز قبل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب تعینات کیا تھا۔ عاصمہ حامد کی تعیناتی پر تحریک انصاف نے تحفظات کا اظہار کیا، جس پر نگران حکومت پنجاب نے انہیں عہدے سے ہٹا دیا۔ وکلاء تنظیموں نے عبوری حکومت کی جانب سے سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عاصمہ حامد کو عہدے سے ہٹانے کی شدید مذمت کی ہے۔

ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے مطابق عاصمہ حامد کا میرٹ پر تقرر کیا گیا۔ عبوری حکومت نے بغیر کسی قانونی وجہ کے عہدے سے ہٹایا۔ پنجاب بار کونسل کی جانب سے بھی عاصمہ حامد کو عہدے سے ہٹانے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ عہدیداران کا مؤقف ہے کہ عاصمہ حامد کی تقرری میرٹ اور قانون کے مطابق کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ عاصمہ حامد بطور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب فرائض سر انجام دیتی رہیں گی جبکہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شان گل کو ایڈووکیٹ جنرل کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔