لاہور: ( روزنامہ دنیا ) تحریک انصاف نے عام انتخابات کے لئے انتخابی منشور کے مرکزی نکات کو حتمی شکل دیدی۔ جلد ہی منشور کا اعلان بھی کر دیا جائیگا، غیر جانبدار احتساب، تعلیم اور صحت کے یکساں مواقع تحریک انصاف کی ترجیح ہوگی، خارجہ پالیسی برابری کی بنیاد پر جبکہ داخلہ پالیسی انصاف پر مشتمل ہوگی۔
تحریک انصاف کے انتخابی منشور کے مرکزی نکات میں غیر جانبدار احتساب کو سرفہرست رکھا گیا، انصاف کی فراہمی ہر سطح پر یقینی ہوگی، زرعی ترقی ، قومی اداروں اور معیشت کی بحالی کو منشور میں شامل کیا گیا، پانی کے نئے ڈیمز بنانے کا پروگرام ،نوجوانوں کیلئے تکنیکی تعلیم اور روزگار، عوامی خدمت کے شعبوں کوفعال بنایا جائے گا، عوامی فلاح کیلئے انتظامیہ اور حکومتی ڈھانچے میں بڑی تبدیلی کی جائے گی ، پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا تحریک انصاف کی ترجیح میں شامل کیا گیا ہے۔
کرپشن کے خاتمے کا نعرہ بھی منشور میں شامل ہوگا، نئے ڈیمز اور پانی کے بڑے ذخائر سمیت طویل المیعاد واٹر پالیسی پر توجہ دی جائے گی، بجلی کی پیداوار کے حقیقی منصوبے اور خود کفالت منشور کا حصہ ہے، غیر ملکی قرضوں پر انحصار ختم کرنے کے لئے ملکی وسائل کی تلاش اور زرعی ترقی، توجہ کا مرکز ہوگی، کسانوں کو زیادہ سبسڈی اور سستی بجلی جیسی سہولتیں فراہم کرکے با اختیار بنایا جائے گا، ماحولیاتی پالیسی کو از سر نو مرتب کیا جائے گا، خارجہ پالیسی برابری کی بنیاد پرجبکہ داخلہ پالیسی انصاف پر مشتمل ہوگی، معدنی ذخائر کی تلاش بھی منشور کا حصہ ہے ۔