لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف کے استقبال کیلئے ریلیاں نکالنے پر لاہور کے مختلف تھانوں میں کارکنوں کے خلاف 20 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ شہباز شریف، حمزہ شہباز، جاوید ہاشمی کیخلاف تھانہ لوہاری میں جبکہ فیصل آباد میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر رانا ثنااللہ، میاں منان، رانا افضل اور دیگر کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، نواز شریف کے استقبال کیلئے ریلیاں نکالنا لیگی کارکنوں کو مہنگا پڑ گیا۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف تھانہ لوہاری میں مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمے میں شہباز شریف، حمزہ شہباز، جاوید ہاشمی، راجہ ظفرالحق، مشاہد حسین کے علاوہ عظمیٰ بخاری، سائرہ افضل تارڑ، مریم اورنگزیب، کامران مائیکل بھی نامزد کئے گئے ہیں۔
مقدمہ میں دہشت گردی، اقدام قتل اور دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، شہباز شریف کے پولیٹیکل سیکرٹری طلحہ برکی اور خواجہ سلمان رفیق کے خلاف شمالی تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ادھر فیصل آباد میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور ریلیاں نکالنے پر رانا ثنا اللہ، سابق ایم این اے میاں منان، رانا افضل، ملک نواز کے علاوہ دیگر سرگرم کارکنوں، لیگی امیدوار حامد رشید اور اکبرگجر سمیت 7 لیگی چیئرمینوں پر بھی مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
گجرات میں 120 نامزد اور 691 نامعلوم افراد کیخلاف مقدمات درج کئے گئے۔ فیروز والہ میں 3 لیگی سابق ایم این اے، ایم پی اے اور 10 چئیرمینوں سمیت 250 افراد پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔