لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف لندن اور عرب امارات سے ہوتے ہوئے لاہور پہنچ گئے مگر شہباز شریف کی ریلی لاہور سے ہی لاہور ایئرپورٹ نہ پہنچ سکی۔ دیر کی وجہ رکاوٹیں تھیں یا کچھ اور؟
”ایسے دستور کو صبح بے نور کو میں نہیں جانتا میں نہیں مانتا“، شہباز شریف نظمیں تو حبیب جالب کی پڑھتے ہیں لیکن عمل منیر نیازی کی شاعری پر کیا
”ہمیشہ دیر کر دیتا ہوں میں“
سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب نے بڑے بھائی کے استقبال میں دیر ہی نہیں، بہت دیر کر دی۔ شہباز شریف کارکنوں کا قافلہ لے کر نواز شریف کے استقبال کے لئے ایئرپورٹ چلے۔ نواز شریف تو لندن سے لاہور پہنچ گئے، مگر شہباز شریف کی ریلی لاہور ایئرپورٹ ہی نہ پہنچ سکی
جس وقت بڑے میاں صاحب کو خصوصی طیارہ لاہور ایئرپورٹ سے لے جا رہا تھا، اس وقت شہباز شریف کی ریلی چیئرنگ کراس ہی کراس نہ کر پائی تھی۔ یوں کہیں کہ شہباز کے پر مال روڈ پر تھے اور نواز پرواز کر گئے۔
ابوظہبی سے پرواز کو دو گھنٹے تاخیر ہوئی، مگر ریلی پھر بھی بروقت نہ پہنچ سکی۔
کیا ریلی کے نہ پہنچنے کی وجہ رکاوٹیں تھی٘؟ یا کوئی سیاسی مصلحت؟ شہباز شریف اور لیگی کارکن مختلف علاقوں کا گشت کیوں کرتے رہے؟ سیاسی مبصرین تو یہ بھی کہتے ہیں کہ شہباز شریف کی ریلی کا مقصد سیاسی تھا اور انتخابی مہم تیز کرنے کیلئے نکالی گئی تھی۔