لاہور: (دنیا نیوز) ن لیگ کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے پنجاب میں حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری کارکردگی کی وجہ سے عوام نے ہمیں ووٹ دیئے، ن لیگ پنجاب کی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے۔
عام انتخابات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ تحفظات کے باوجود چاہتے ہیں ملک میں جمہوریت پھلے پھولے۔ عمران خان نے کافی اچھی باتیں کی ہیں لیکن ان پرعمل کرنا پڑے گا۔
حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ 48 گھنٹے ہو گئے، الیکشن کے نتائج ابھی تک آ رہے ہیں، کبھی ایسا نہیں ہوا کہ ڈیڑھ دن بعد بھی نتائج آتے رہیں۔ ن لیگ پنجاب میں سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے، عوام نے ہمیں کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیا۔ ہمارے راستے میں رکاوٹیں ڈالی گئیں، الیکشن سے پہلے ہمارے امیدواروں کو گرفتار کیا گیا، ہم نے اٹک کے قلعے بھی دیکھے ہیں، اس سب کے باوجود مجھے ایک لاکھ 40 ہزار ووٹ پڑے۔ انھوں نے اعلان کیا کہ پنجاب میں حکومت بنائیں گے۔