سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی نہیں ہوئی، پی ٹی آئی ترجمان

Last Updated On 12 August,2018 05:22 pm

کراچی: (دنیا نیوز) حلیم عادل شیخ کی پھرتیاں دھری رہ گئیں، سندھ اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف کی نامزدگی نہیں ہوئی، ترجمان پی ٹی آئی کے بیان نے بھانڈا پھوڑ دیا، پارٹی میں کیا ہو رہا ہے؟ کھلاڑی متحدہ والوں کے پاس کس کے کہنے پر گئے؟ کئی سوال کھڑے ہو گئے.

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کون ہو گا؟ تاحال واضح نہیں ہو سکا ہے۔ گزشتہ روز حلیم عادل شیخ ایم کیو ایم کے کیمپ میں پہنچے جہاں مشترکہ پریس کانفرنس بھی ہوئی۔

بیانات کی بازگشت ابھی باقی تھی کہ نئی خبر آ گئی ہے کہ 20 سے زائد کھلاڑیوں نے اپنے ہی ساتھی کی مخالفت کر دی ہے۔ معاملہ مرکزی قیادت کے پاس پہنچا، ابھی ردعمل کا انتظار ہی تھا کہ ترجمان اظہر لغاری نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ تحریکِ انصاف نے اب تک قائدِ حزب اختلاف کیلئے نامزدگی ہی نہیں کی، امیدوار کا اعلان عمران خان کی جانب سے ہو گا لہذا قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔

ترجمان پی ٹی آئی کے ٹویٹ کے بعد نئی بحث چھڑ گئی ہے کہ ابھی نامزدگی نہیں ہوئی تو پھر حلیم عادل شیخ کس کے کہنے پر ایم کیو ایم کے پاس گئے تھے۔