اسلام آباد (دنیا نیوز ) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے گھروں سے زبردستی قربانی کے جانوروں اٹھا لئے اور جانور قربان کرنے پر سخت سزاؤں کے اعلانات کیے ہیں، عالمی برادری مذہبی تہوار پر پابندی کا نوٹس لے۔
مشعال ملک نے اپنے ویڈیو بیان کے ذریعے پاکستانی قوم اورعالم اسلام کو پوری کشمیری قوم کی طرف سے عید کی مبارک باد دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مسلمان پوری دنیا میں قربانی کر کے سنت ابراہیمی ادا کر رہے ہیں لیکن مقبوضہ کشمیر میں قربانی کرنے والوں کو سخت سزا دینے کے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔
مشعال ملک کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج مساجد میں اعلانات کے ذریعے مسلمانوں کو نہ صرف قربانی کرنے سے روک رہی ہے، بلکہ قربانی کے جانوروں کو زبردستی گھروں سے لے جا رہی ہے، مقبوضہ کشمیر میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی پر بھی پابندی ہے۔
مشعال ملک کا کہنا ہے کہ مذہبی تہوار منانے پر پابندی اور سزا کے اعلانات کا پوری دنیا میں کہیں تصور نہیں ملتا۔ انسان کیلئے دنیا میں سب سے بڑی نعمت آزادی ہے، آزادی ہو گی تو مذہبی فرائض کی ادائیگی ہو گی، پاکستانی قوم پہلے کی طرح ہمارا ساتھ دے، عید کے موقع پر کشمیریوں کو نہ بھولیں۔