اسلام آباد: (دنیا نیوز) موٹروے پر واقع ٹائر شاپس مافیا کا انسانی جانوں سے کھیلنے کا مکروہ دھندہ بے نقاب ہو گیا۔ آئی جی موٹرویز نے ملک بھر کی تمام موٹرویز اور نیشنل ہائی ویز پر موجود ٹائر شاپس سے متعلق تفصیلات طلب کر لیں۔
موٹر ویز پر انسانی جانوں سے کھیلنے کا مکروہ دھندے کے حوالے سے دنیا نیوز نے انکشافات کیے تھے، ملوث مافیا چاقو سے شہریوں کی گاڑیوں کے ٹائر کاٹ دیتے تھے اور پھر شہریوں کو کئی گنا مہنگے ٹائر خریدنے پر مجبور کیا جاتا تھا۔
دنیا نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد آئی جی موٹرویز نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے 48 گھنٹوں میں ملک بھر کی تمام موٹرویز اور نیشنل ہائی ویز پر موجود ٹائر شاپس سے متعلق تفصیلات طلب کر لیں، آئی جی کا کہنا ہے تمام زونل کمانڈر چیف پٹرولنگ آفیسرز سے رپورٹ لیں، موٹر ویز پر چاقو سے شہریوں کی گاڑیوں کے ٹائر کاٹنے کے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں، شہریوں کی گاڑیوں کے ٹائر کاٹنے کے بعد 200 فیصد مہنگے ٹائر خریدنے پر مجبور کیا جاتا ہے اس طرح مافیا انسانی جانوں سے کھیل رہا ہے۔