اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرصحت عامر کیانی نے اسلام آباد کے پمز اور پولی کلینک ہسپتالوں کے اچانک دورے کیے، انہوں نے مریضوں کے مسائل سنے اور انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر قومی صحت عامر کیانی نے پمز ہسپتال کے او پی ڈی، ایمرجنسی، وارڈز اور کارڈیک سنٹر کا دورہ کیا۔ عامرمحمود کیانی کو پمز ہسپتال کے مخلتف شعبوں میں مریضوں دی جانے والی سہولیات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیرصحت عامر محمود کیانی نے کہا کہ مریضوں کو سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے صحت کے شعبے پر کوئی توجہ نہیں دی، صحت کے شعبے میں تبدیلی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔
بعد ازاں وزیرصحت عامر محمود کیانی نے پولی کلینک ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔