اسلام آباد: (دنیا نیوز) چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کا کہنا ہے پاکستان چین کا بہترین اور قابل اعتماد دوست ہے، پاکستان کو درپیش مسائل مل کر حل کرلیں گے، ہر شعبے میں بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔
چینی وزیر خارجہ نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پاکستان کے دورے کا مقصد نئی حکومت کیساتھ رابطے بڑھانا ہے، چین اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، وزیراعظم عمران خان کو نومبر میں دورہ چین کی دعوت دی ہے۔ وانگ ژی نے کہا شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات بہت مثبت رہی، پاکستان کیساتھ تذویراتی تعلقات مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔
مشترکہ پریس کانفرنس سے وانگ ژی کا کہنا تھا صاف پانی اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کرتے رہیں گے، پاکستان کے ساتھ جاری تمام منصوبے مکمل کریں گے، پاک چین تعاون سے سرمایہ کاری میں اضافہ اور بیروزگاری میں کمی ہوگی۔ انہوں نے کہا چینی تعاون کا مقصد پاکستان میں تعلیم، زراعت اور دیگر شعبوں کو بہتر بنانا ہے، دنیا سے دہشتگردی کاخاتمہ بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا دونوں ممالک کے تعاون سے بیروزگاری میں کمی ہوگی، عوامی رابطوں اور دوروں سے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھےگا، افغانستان میں امن و استحکام کیلئے دونوں ممالک مل کر کام کریں گے۔