ضمنی انتخاب ووٹنگ :تارکین وطن کیلئے قواعد تیار

Last Updated On 10 September,2018 10:09 am

اسلام آباد: ( روزنامہ دنیا ) الیکشن کمیشن نے انٹرنیٹ کے ذریعے تارکین وطن کیلئے ضمنی انتخابات میں حق رائے دہی کے استعمال کیلئے قواعد تیار کر لئے ہیں، تکنیکی خلل، رازداری کی خلاف ورزی، سکیورٹی کے حوالے سے مسائل کی صورت میں الیکشن کمیشن آئی ووٹنگ کے نتائج روک سکتا ہے۔

قواعد کے مطابق ایسے تارکین وطن ہی ووٹوں کیلئے اہل ہیں جن کے پاس مخصوص شناختی کارڈ نائیکوپ موجود ہومشین ریڈایبل پاسپورٹ سمیت ای میل ایڈریس شامل ہوگا، ایسے تمام تارکین وطن جو آئی ووٹنگ کے ذریعے ووٹ ڈالنا چاہتے ہیں وہ اپنے نام ای میل ایڈریس ، مخصوص پاس ورڈ ، موبائل نمبر سمیت قیام کے ملک کی تفصیلات درج کر کے اپنا اکائونٹ کھول سکتے ہیں جس کے بعد سسٹم سے ایک تصدیقی ای میل بھجوائی جائے گی جس کے بعد ووٹر کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی تفصیلات درج کرنے پر ہی تصدیق کا عمل مکمل ہوگا۔

تصدیقی عمل سوالات کے جوابات دینے پر ہی مکمل تصور ہوگا۔ جس کے بعد سسٹم کے ذریعے ایک مخصو ص پاس ورڈ ووٹر کو بھجوایا جائے گا جسے استعمال کرتے ہوئے وہ ووٹنگ والے دن ووٹ کاسٹ کرسکے گا، ووٹر کو اپنا یوزر نیم اور پاس ورڈ کے استعمال سے ووٹنگ تک رسائی ممکن ہوسکتی ہے ووٹ کاسٹ ہونے پر ہی تصدیق کا ٹیگ سامنے آسکے گا۔