سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق درخواست: پنجاب حکومت، پولیس کو نوٹس جاری

Last Updated On 06 October,2018 01:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں طاہر القادری کی درخواست پر پنجاب حکومت، پولیس اور محکمہ پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کر دیئے۔ چیف جسٹس نے حکم دیا ہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت مقدمے کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرے۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق غیر جانبدار جے آئی ٹی تشکیل دینے کی درخواست کی۔ طاہر القادری نے موقف پیش کیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے وقت سے غیر جانبدار جے آئی ٹی کی تشکیل کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ طاہر القادری نے کہا کہ پاکپتن، بلدیہ ٹاؤن فیکٹری اور زینب قتل کیس کے معاملے پر بھی عدالت عظمیٰ نے جے آئی ٹی تشکیل دی، سپریم کورٹ سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق غیر جانبدار جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دے۔

چیف جسٹس پاکستان نے طاہر القادری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی درخواست پر اے ٹی سی کو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا حکم دیا، لاہور ہائی کورٹ نے آپ کی اپیل مسترد کی ہے، اس کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل کریں۔ چیف جسٹس پاکستان نے طاہر القادری کی درخواست پر پنجاب حکومت، پولیس اور محکمہ پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کر دیئے۔
 

Advertisement