فیاض الحسن چوہان کا ن لیگ میں فاروڈ بلاک بننے کا دعویٰ

Last Updated On 17 October,2018 06:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے مسلم لیگ ن میں فاروڈ بلاک بننے کا عندیہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ جلد لاوا پھوٹنے والا ہے۔

فیاض الحسن چوہان کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں ایک اینٹ نہیں لگی، پنجاب کا چودہ ارب ضائع کر دیا گیا، کروڑوں اربوں روپے فلیٹ بنانے کی صورت میں لیے گے، سابق پنجاب حکومت نے مل کر عوام کے ساتھ ڈرامہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کی گاجریں کھائی ہیں تو مروڑ تو اٹھے گا، قانون کے ڈاکٹر آ کر علاج کر رہے ہیں تو اب وہ کہتے ہیں علاج بھی نہ کرو۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ شہباز شریف نے اربوں روپے کھائے، اپنا ڈارمہ بند کریں، ان کی کرپشن کا حساب کتاب آزاد ادارہ نیب لے رہا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ میں فارورڈ بلاک بنانے کی تحریک انصاف کو کوئی ضروت نہیں ہے، ان کے ایم پی ایز اور ایم این ایز پارٹی چھوڑنے کے لیے خود تیار بیٹھے ہیں، حکومت بننے سے پہلے لاہور کے پانچ ایم پی ایز نے میرے ساتھ رابط کیا۔

انہوں نے کہا کہ حالات نظر آ رہے ہیں کہ ن لیگ کےاندر سے لاوا پھٹے گا اور جلد ن لیگ کے اندر وفاداریاں بدلنے والوں کا دھماکا بھی ہو گا۔