لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ میری اطلاعات کے مطابق آسیہ بی بی کی بریت کیخلاف جاری دھرنا آج رات تک ختم ہو جائے گا۔
فیاض الحسن چوہان کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ میری اطلاعات کے مطابق دھرنا ختم ہو رہا ہے، اللہ کرے رات تک دھرنا ختم ہو جائے کیونکہ اس سے عوام کو بہت مشکلات کا سامنا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت نہیں چاہتی کہ ریاست کی رٹ چینلج ہو، پاکستانی عوام سخت کرب کا شکار ہیں، ہم طاقت کا استعمال نہیں چاہتے، مظاہرین کی قیادت سے ہم رابطے میں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آسیہ بی بی کیس کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی اپیل دائر کی جا چکی ہے، یہ نظر ثانی پٹیشن تین وکلا نے دائر کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے چلنے والے اکاؤنٹس سے اشتعال انگیزی کی جار ہی تھی، سوشل میڈیا پر 90 اکاؤنٹس بھارت سے چل رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ احتجاجی قائدین کے ساتھ مذاکرات کے پانچ دور ہوئے، ہم پچھلے 36 گھنٹوں سے مسلسل رابطے میں تھے، تاہم مذاکرات کہاں ہوئے یہ نہیں بتا سکتا۔