لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب سے ڈی جی لاہور شہزاد سلیم کی ملاقات، بیورو کی کارکردگی پر بریفنگ دی، اس موقع پر جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ہدایت جاری کی کہ اہم کیسز کی تحقیقات مزید تیز کی جائیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال سے ڈی جی لاہور شہزاد سلیم نے اہم ملاقات کی جس میں انہوں نے لاہور بیورو کی کارکردگی پر بریفنگ دی اور میگا کرپشن کیسز پر پیش رفت سے چیئرمین نیب کو آگاہ کیا گیا۔
چپئرمین نیب نے اہم کیسز میں تحقیقات کو مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ”احتساب سب کا“ کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، نیب کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے کوشاں ہے کیونکہ کرپشن ملک کیلئے کینسر کی صورت اختیار کر چکا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے نیب لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے میگا کرپشن مقدمات اور نیب لاہور کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ہم احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں، نیب افسران شکایات کی جانچ پڑتال اور انکوائریوں کو شواہد اور قانون کے مطابق 10 ماہ کے دورانیہ میں مکمل کریں۔
چیئرمین نیب نے ایڈن ہاؤسنگ کے متاثرین سے خطاب بھی کیا اور کہا کہ نیب قانون کے مطابق مسائل کا جائزہ لے گا، انہوں نے متاثرین کو یقین دہانی کروائی کہ نیب لوٹی ہوئی رقم کی واپسی کے لیے تمام ممکن اقدامات کرے گا۔
ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثرین نے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم بھی موجود تھے۔