پیرمحل: (روزنامہ دنیا) پولنگ سٹیشن نمبر54 پر سید قطب علی شاہ کے ووٹ تھیلے میں موجود نہیں تھے جبکہ سونیا شاہ کے 182 ووٹ تھیلے میں پائے گئے ،آر او نے گنتی کا عمل فوری روک دیا ۔
پی پی123 میں دوبارہ گنتی کے دوران تھیلے سے شیر کے نشان والے ووٹ غائب پائے گئے ،گنتی روک دی گئی ہے ،تفصیلات کے مطابق پولنگ سٹیشن نمبر54 سے مسلم لیگ (ن ) کے امیدوار سید قطب علی شاہ کے ووٹ غائب ہوگئے ،گنتی کے دوران جب تھیلا کھولا گیا تو شیر کے ووٹ ہی موجود نہ تھے ،مجموعی طور پر سید قطب علی شاہ کے 243 ووٹ غائب تھے جبکہ سونیا بی بی کے 182 ووٹ موجود تھے، ریٹرننگ آفیسر شہوار امین واہگہ نے صورتحال کا علم ہونے پر گنتی کا عمل فوری روک د یا ہے۔
اس سے قبل سپریم کورٹ کے حکم پر پی پی 123 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی سیشن کورٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شروع ہونا تھی لیکن سابقہ امیدوار بیگم شمیم فاطمہ نے تحریری درخواست دی کہ تمام امیدواروں کو دوبارہ گنتی میں نہیں بلایا گیا جس پر ریٹرنگ افسر شہوار امین واہگہ نے حلقہ کے تمام الیکشن لڑنے والے امیدواروں کو نوٹس جاری دئیےتھے۔
واضح رہے کہ جنرل الیکشن 2018 کے موقع پر پی پی 123 میں دلچسپ صورتحال اور کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ اس حلقے سے پی ٹی آئی رہنما سونیا علی رضا کامیاب قرار پائیں تھی مگر ن لیگی امیدوار نے دوبارہ گنتی کی درخواست دائر کی ۔ دوبارہ گنتی میں ن لیگی امیدوار صرف اور صرف 17 ووٹوں کی برتری لے کر کامیاب ہوگئے۔ اس طرح ن لیگی امیدوار پیر قطب علی بابا نے 53122 ووٹ لے کر پی ٹی آئی امیدوار کو شکست دی۔ پی ٹی آئی امیدوار سونیا علی رضا 53105 ووٹ حاصل کر سکیں۔
25 جولائی کےانتخابی زرلٹ کے بعد پیر قطب علی کی درخواست پر دوبارہ گنتی کے نتائج سے متعلق ویڈیو ملاحظہ کیجیے