اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) رنر اپ کو کامیاب قرار نہیں دیا جا سکتا، انتخاب دوبارہ ہوگا : الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 کوئٹہ پر افغان شہری کے بطور رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے پر انتخاب کالعدم قرار دے دیا۔الیکشن کمیشن نے دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار کی درخواست بھی مسترد کرتے ہوئے پی بی 26 میں دوبارہ انتخاب کروانے کا حکم دے دیا۔ای سی پی میں بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 سے مبینہ طور پر افغان شہری احمد علی
کے منتخب ہونے اور مولانا ولی محمد ترابی کی درخواست پر کمیشن کے ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں 2 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔
اس موقع پر پی بی 26 سے منتخب ہونے والے ایم پی اے احمد علی اور مولانا ولی محمد ترابی کے وکلا الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ۔ممبر الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ قانون میں ایسی کوئی گنجائش نہیں کہ منتخب امیدوار کی نااہلی کے بعد رنر اپ کو کامیاب قرار دیا جائے ۔واضح رہے کہ 25 جولائی کو عام انتخابات میں احمد علی 5 ہزار 117 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ ان کے مدمقابل متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے ) کے ولی محمد نے 3 ہزار 242 ووٹ حاصل کیے تھے ۔