اسلام آباد: (دنیا نیوز) عید میلا دالنبی ﷺ کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ کراچی سمیت سندھ میں مختلف مقامات پر موبائل فون سروس معطل رکھنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں میں موبائل فون سروس معطل ہے۔
ملک بھر میں جہاں عید میلاد النبیؐ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے وہیں امن و امان کی صورتحال قائم رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے، کوئٹہ میں بھی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ موبائل سروس دوپہر 2 بجے تک بند رہے گی۔سیکرٹری داخلہ کے مطابق امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر وفاق سے صبح 6 سے 11 بجے تک موبائل سروس بند رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔