اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ بند کمرہ عدالت میں سنایا گیا. اس لئے فیصلے پر شدید شکوک و شبہات ہیں. سزا دینی تھی دے دی گئی، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کریں گے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نوازشریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا سنا دی۔ انھیں 3 ارب 47 کروڑ 87 لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہو گا۔ اس فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، تاہم سنائے گئے فیصلے پر شدید شکوک وشبہات ہیں۔ ہم ہر فیصلہ مانتے ہیں لیکن ایسے فیصلے عوام قبول کرتے ہیں نہ تاریخ تسلیم کرتی ہے۔
سابق وزیراعظم کاکہنا تھاکہ ملکی تاریخ میں ایک اور فیصلے کا اضافہ ہوگیا جو تالے لگا کر بند کمرے اور 6 گھنٹے کی تاخیر سے سنایا گیا،دونوں کیسز میں کوئی ثبوت نہیں، سزا دینی تھی دے دی گئی۔ فیصلے کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہراحتجاج کریں گے۔ پہلے آمریت تھی اب نام نہاد جمہوریت ہے اس کے باوجود اپیل کریں گے جو ہمار ا حق ہے۔