اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) قطر کی وزارت داخلہ کے تحت پہلے قطر ویزا سنٹر کا افتتاح کر دیا گیا، افتتاح وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے کیا۔
قطر کے سفیر سقر بن مبارک کے مطابق پہلے یہ عمل ریاست قطر انجام دیتی تھی لیکن اب جس ملک سے درخواست موصول ہوگی وہیں ویزے کا اجرا کیا جائیگا۔ سفیر نے کہا کہ پاکستانی پروفیشنلز اور ہنرمند افراد قطر میں ہونے والے 2022 ء ورلڈ کپ کے لیے بنائے جانے والے منصوبوں کی تکمیل میں حصہ لے سکیں گے۔ قطر میں روزگار کے حصول کے لیے درخواست دینے والے افراد کو ورک کنٹریکٹ پر دستخط کرنا ہونگے، بائیو میٹرک کا اندراج کرانا ہوگا اور قطر ویزا سنٹر میں میڈیکل ٹیسٹ دینا ہوگا۔ ویزا سنٹر کھولنے کا مقصد پاکستان کے ہنر مند افراد کو قطر میں روزگار فراہم کرنا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس 5 سال میں تنقید کے علاوہ کوئی اور کام نہیں، ویزا سنٹر کے قیام سے پاکستان اور قطر کے تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ روزانہ 120 افراد کو ویزا جاری کرنے کی سہولت ملے گی، تمام سہولیات ایک چھت تلے مہیا ہوں گی۔ فکر یہ ہے کہ احسن اقبال کسی قطری کے ساتھ تصویر ٹویٹ کر کے قطر ویزا سنٹر کا کریڈٹ بھی نہ لے لیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے پاکستان میں پرکشش مواقع مراعات فراہم کریں گے۔