کراچی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے حکومتی فیصلوں کے خلاف ملک گیر عوامی رابطہ مہم کا فیصلہ کر لیا۔ پہلے مرحلے میں سندھ سے ہسپتالوں کی وفاق کو منتقلی کے خلاف احتجاج ہوگا۔
ن لیگ سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کو فوجی عدالتوں کی حمایت نہ کرنے کیلئے قائل بھی کیا جائے گا۔ اجلاس میں جیالے قیادت کے خلاف مقدمات پر برہم ہو گئے، اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی اجازت مانگ لی۔
بلاول بھٹو اور سابق صدر آصف زرداری کے زیر صدارت پیپلز پارٹی کے اعلیٰ سطح اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ قیادت نے وفاقی حکومت کے غیر جمہوری طرز عمل پر چپ نہ بیٹھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
فوجی عدالتوں کی حمایت نہ کرنے اور ن لیگ سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کو بھی قائل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں طے پایا گیا کہ بلاول بھٹو حکومتی فیصلوں کے خلاف ملک گیر عوامی رابطہ مہم چلائیں گے۔
پہلے مرحلے میں سندھ سے ہسپتالوں کی وفاق کو منتقلی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے رابطہ عوام مہم بھی چلائی جائے گی۔
بلاول بھٹو نے جنوبی پنجاب کیلئے جلسوں اور کنونشنز کا شیڈول بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ پارٹی قیادت سے اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی اجازت مانگ لی، مگر انہیں صبر سے کام لینے کی تلقین کی گئی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ کے ہسپتال وفاق کے حوالے کرنے سے متعلق فیصلہ اٹھارویں ترمیم پر براہ راست وار ہے۔ ادارے صوبوں سے چھین کر وفاق کو دینے کا معاملہ صرف سندھ نہیں، تمام صوبوں کا مسئلہ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ،انہیں اس لئے نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ لاپتا افراد اور محکوم طبقات کی بات کرتے ہیں۔