اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس نیب راولپنڈی کے حوالے کر دیا۔ پاناما جے آئی ٹی کے رکن عرفان نعیم منگی آصف زرداری، فریال تالپور، بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کیخلاف تحقیقات کریں گے۔ نیب کی جانب سے 16 ریفرنس دائر کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
قومی احتساب بیورو کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین جاوید اقبال کی ہدایت پر جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات نیب راولپنڈی کے سپرد کی گئی ہیں۔ بطور ڈی جی عرفان نعیم منگی اس سارے سکینڈل کی تحقیقات کریں گے جس کے بعد جڑواں شہروں کی احتساب عدالتوں میں ریفرنسز دائر کئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی سابق صدر آصف زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور، بیٹے بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر افراد کے خلاف تحقیقات کرے گا۔ نیب جعلی اکائونٹس کیس میں 16 ریفرنسز دائر کرنے پر غور کر رہا ہے۔ حتمی فیصلہ عرفان نعیم منگی کی تحقیقات کی روشنی میں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عرفان نعیم منگی نواز شریف کے خلاف بننے والی پاناما جے آئی ٹی میں بھی نیب کی جانب سے رکن تھے۔