اسلام آباد: (دنیا نیوز) جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈنگ کیس میں جے آئی ٹی رپورٹ پر ملزمان انور مجید اور عبدالغنی مجید نے جواب سپریم کورٹ میں جمع کر وا دیا۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ وہ مکمل بے قصور ہیں، جے آئی ٹی رپورٹ حقائق کے منافی ہے۔
جواب میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی کے پاس کوئی ٹھوس وجہ نہیں کہ معاملہ نیب کو ارسال کرنے کی سفارش کرے، ایسی کسی بھی سفارش کی منظوری دینا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی۔ انور مجید اور عبدالغنی مجید نے کہا کہ جے آئی ٹی کی ایگزیکٹو سمری اور حتمی رپورٹ کے صرف 4 والیم فراہم کیے گئے۔
جواب میں موقف اختیار کیا گیا کہ جن 924 لوگوں کے بیان ریکارڈ ہوئے ان کے نام بتائے گئے نہ ہی متعلقہ ریکارڈ فراہم کیا گیا، ان حالات میں جے آئی ٹی رپورٹ پر مفصل جواب دینے سے قاصر ہیں، رپورٹ کے ساتھ کوئی مواد یا دستاویزات نہیں جو الزامات کی تائید کریں، جے آئی ٹی رپورٹ میں لگائے گئے ہر الزام میں بے قصور ہیں۔