لاہور: (دنیا نیوز) کامران مائیکل کا 5 روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا گیا، نیب کی جانب سے سابق وفاقی وزیر کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔
نیب ترجمان کے مطابق کامران مائیکل پر کراچی پورٹ ٹرسٹ میں غیر قانونی تین کمرشل پلاٹ لینے کا الزام ہے، کامران مائیکل پر بطور وفاقی وزیر شپنگ اینڈ پورٹ اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے، نیب لاہور نے گزشتہ روز کامران مائیکل کو گرفتار کیا تھا۔
یاد رہے کامران مائیکل پرانے مسلم لیگی کارکن ہیں، وہ 2002ء میں وہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ بعد ازاں ن لیگ کی نامزدگی سے وہ رکن صوبائی اسمبلی اور صوبائی وزیرِ خزانہ پنجاب رہے۔
2011ء میں پنجاب کا سالانہ بجٹ بھی انہوں نے ہی پیش کیا۔ 2012ء میں انہوں نے پنجاب سے مسلم لیگ کے نامزد اقلیتی سینیٹر کی حیثیت سے حلف اٹھایا اور بعد ازاں جون 2013ء میں انہوں نے وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ کی ذمہ داری سنبھالی۔