لاہور: (دنیا نیوز) بادلوں کی جھڑی پھر لگنے کو تیار ہے۔ بارش کا نیا سلسلہ آج بلوچستان سے ملک میں داخل ہوگا جس سے کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت دیگر علاقوں میں بادل برسیں گے۔ ادھر شگر میں برفباری کا سلسلہ پھر شروع ہو گیا، ہر طرف سفیدی چھا گئی۔ کراچی میں بھی ٹھنڈی ہواؤں نے سردی بڑھا دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا نیا سلسلہ آج رات سے بلوچستان سے ملک میں داخل ہوگا، کوئٹہ، قلات، ژوب اور خضدار میں بارہ سے 15 فروری تک بادل برسیں گے جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گا۔
بدھ سے جمعہ تک اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور اور کوہاٹ سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش ہو گی۔ کراچی میں ٹھنڈی ہواؤں کے ڈیرے ڈال لئے ہیں جس سے سردی اور بڑھ گئی ہے۔
ادھر پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ ضلع شگر میں آسمان سے سفید موتیوں کی برسات ہوئی جس سے وادی میں وائٹ کارپٹ بچھ گیا ہے۔
برفباری سے وادی نیلم، گریس اور لیپہ کا زمینی رابطہ دو ماہ سے منقطع ہے جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات ہیں۔ اشیا خورونوش کی قلت نے بھی مسائل بڑھا دیئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب سے کم درجہ حرارت استور اور کالام میں منفی 9 ریکارڈ کیا گیا جبکہ سکردو میں منفی 08، گوپس منفی 06، مالم جبہ، ہنزہ منفی 04، دروش، دیر، میرکھانی منفی 03، راولا کوٹ منفی 02 اور مری منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 6، لاہور 8، فیصل آباد 8، ملتان 9، پشاور 8 اور کراچی میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔