لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون سکینڈل میں گرفتار خواجہ برادرن کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 مارچ تک توسیع کر دی۔
احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے پیراگون سٹی سکینڈل کی سماعت کی۔ جیل حکام نے سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور سلما رفیق کو سخت سکیورٹی میں عدالت پیش کیا۔ دوران سماعت عدالتی استفسار پر نیب کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ 90 روز مکمل ہونے پر خواجہ برادرن کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا جائے گا، جس پر عدالت نے خواجہ بردران کے جوڈیشیل ریمانڈ مین 4 مارچ تک توسیع کر دی۔
عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پولیس ہمیں ہھتکڑی لگا کر لانا چاہتی تھی جو بالکل غلط ہے، ہم خود آتے رہے ہیں، وزیر اعلی پنجاب اور پنجاب حکومت کو اس کا نوٹس لینا چاہیے، ڈھائی مہینے گزر گئے بغیر کسی ثبوت کے ہم جیل کاٹ رہے ہیں، فواد چوہدری کو کہتا ہوں آکر میرے ساتھ رہے اتنی پرانی جیل ہے سارا دن چونا گرتا ہے، تحریک انصاف کے وزراء کو جھوٹ سے کام نہیں لینا چاہیے۔
سعد رفیق نے سابق وزیر اعطم نواز شریف کی صحت کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف پرانے دل کے مریض ہیں، ان کا علاج بہت دیر سے کیا جا رہا ہے، نواز شریف کا جو علاج کیا جا رہا ہے اس سے مطمئن نہیں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ چند دنوں تک ضمانت کی درخواست ہائی کورٹ میں دائر کریں گے۔