اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل میں گرفتار خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق نے ضمانتوں کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا اور اپنی رہائی کے لیے درخواستیں دائر کر دیں۔
سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی لاہور ہائیکورٹ سے رہائی کے بعد خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق خواجہ برادران کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواستیں دائر کر دیں۔ درخواست ضمانتیں ایڈووکیٹ اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز کی وساطت سے دائر کی گئی۔ درخواستوں میں چیئرمین نیب اور ڈی جی نیب لاہور کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواستوں میں خواجہ براداران نے موقف اختیار کیا ہے کہ نیب کی جانب سے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل میں گرفتار کیا گیا، درخواستوں میں نقطہ نیب کرپشن کے الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا، درخواستوں میں نشاندہی کی گئی ہے کہ نیب کی تفتیش میں مکمل تعاون کیا، تمام ریکارڈ فراہم کیا، خواجہ برادران نے موقف اختیار کیا ہے کہ پیراگون ہائوسنگ سکینڈل میں قیصر امین بٹ کے بیان کو بنیاد بنا کر گرفتار کیا گیا،ہم عوامی نمائندے ہیں اور کسی قسم کی کرپشن میں ملوث نہیں ہیں۔
خواجہ برادارن کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت نیب کی جانب سے گرفتاری کالعدم قرار دے اور درخواست ضمانتیں منظور کرتے ہوئے رہائی کے احکامات جاری کرے۔