لاہور: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے نیب عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کر رہا ہے، شواہد تھے تو پہلے کیوں پیش نہیں کئے گئے، عمران نے اپنی کارکردگی چھپانے کیلئے کہا سب کو جیلوں میں ڈالوں گا۔
احسن اقبال نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تمام کارروائیاں ایجنڈے پر کی جا رہی ہے، ندیم افضل اور فواد چودھری جتنی اچھی ترجمانی نیب کی کرتے ہیں اتنی اچھی پارٹی کی بھی نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا حکومت معاشی میدان میں ناکام ہوچکی ہے، توجہ ہٹانے کیلئے ایسی کارروائیاں کر رہی ہیں، ہم نے مشرف کا مارشل لا دیکھا ہے، عمران خان کا مارشل لا بھی دیکھ لیں گے، انتقامی ہتھکنڈوں سے اپوزیشن اپنا بیانیہ نہیں بدلیں گی۔
لیگی رہنما نے مزید کہا غلط روایات نیب پیدا کر رہا ہے، حمزہ شہباز ہر پیشی پر نیب کے سامنے پیش ہوئے، اگر نیب نے حمزہ شہباز کو گرفتار کرنا ہے تو وہ لاہور ہائیکورٹ میں جائے۔ انہوں نے کہا ہائی کورٹ کے فیصلے کا احترام لازم ہے، ن لیگ نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا، سپریم کورٹ کا فیصلہ ایک جنرل اوبزرویشن ہے۔