لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چوہدری سرور سیاسی محاذ پر متحرک ہوگئے، 24 گھنٹے میں وزیراعلی عثمان بزدار، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کیں، مسلم لیگ ق کی قیادت سےبھی فون پر رابطہ کرلیا۔
بدلتے سیاسی حالات کے تناظر میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور بھی غیر معمولی طور پر متحرک ہوگئے، حکومت کے اندر پارٹی رہنماوں اور اتحادیوں سے رابطے کر لئے ہیں۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے گزشتہ شب وزیراعلی عثمان بزدار سے ملاقات کی اور پنجاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
گورنر پنجاب نے شاہ محمود قریشی کے ساتھ بھی ایک روز قبل حالیہ صورتحال کے تناظر میں ملاقات کی جبکہ گورنر پنجاب نے مونس الہی سے بھی رابطہ کر کے سیاسی صوتحال پر بات چیت کی۔ چوہدری محمد سرور کل وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے، گورنر پنجاب، وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات میں پنجاب کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کریں گے۔