اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، 30 ہزار مدارس کو قومی دھارے میں لانے کی منظوری دیئے جانے کا امکان ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا معاملہ دوبارہ پیش ہوگا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، کابینہ چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی کے معاملے پر مشاورت، اپوزیشن جماعتوں کے روئیے اور بدلتے حالات میں نیا سیاسی لائحہ عمل طے کرے گی، ماہ رمضان میں ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف اقدامات پر غور ہوگا۔
پاور ڈویژن اور پیٹرولیم ڈویژن کو الگ الگ وزارتیں بنانے کی سمری کابینہ میں پیش ہوگی، وفاقی کابینہ امیگریشن بیورو میں تقرریوں و تبادلوں کے فیصلوں کی توثیق کرے گی، نظام تعلیم کو جدید بنانے سے متعلق سمری تیسری مرتبہ بھی کابینہ اجلاس میں پیش ہوگی۔ کسٹم، ٹیکسیشن و اینٹی سمگلنگ عدالت کراچی کے جج کی تقرری کی منظوری دی جائے گی۔ لیبر ویزہ سے متعلق سعودی عرب اور پاکستان کے مابین ایم او یو کی منظوری دی جائے گی۔
وفاقی کابینہ پاک برازیل، پاک آذر بائیجان معاہدوں کی منظوری دے گی، چیئرمین ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی کےاضافی چارج کی مدت میں توسیع کی منظوری کی جائے گی، کابینہ اقبال اکیڈمی لاہور کی گورننگ باڈی کے خزانچی کی نامزدگی کی منظوری دے گی، سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن کی سالانہ رپورٹ 2017 ،2018 کابینہ کے سامنے پیش ہوگی۔ وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں توثیق کرے گی۔