اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستانی لڑکیوں سےچینی باشندوں کی جعلی شادیوں کے معاملے پر پاکستان اور چین نے ملوث میرج بیوروز کیخلاف آپریشن شروع کر دیا۔ ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ متاثرین چینی سفارتخانے یا پاکستانی آفس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چینی حکام کے مابین جعلی میرج بیوروز اور ملوث افراد کی معلومات کا تبادلہ ہوا ہے جس کے بعد پاکستان اور چین نے غیرقانونی اور جعلی میریج بیوروز کیخلاف اپنی اپنی حدود میں آپریشن شروع کردیا ہے۔ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ کریمنل گینگزاورایجنٹس سے شہریوں کوبچانےکیلئے حکومت پاکستان نے ایکشن لیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ چین میں انسانی اعضاء کی فروخت کیلئے خواتین کی اسمگلنگ کی رپورٹس کی تصدیق نہیں ہوئی تاہم ایف آئی اے کو تحقیقات کر کے جامع رپورٹ پیش کرنے کا کہا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ جعلی شادیوں کے متاثرہ افرادچینی سفارتخانے یا پاکستانی دفتر خارجہ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔