کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپیل کی ہے کہ تاجر ہڑتال کی کال واپس لے لیں، حکومت کو کاروباری طبقے کی ضرورت ہے، سمگل شدہ اشیا کی مارکیٹ میں فروخت سے صرف مخصوص طبقے کو فائدہ ہوتا ہے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل کوئٹہ میں شہید ہونے والے ڈپٹی کلکٹر کسٹم عبد القدوس کے کراچی میں واقع گھر پہنچے، ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور شہید کی بلند درجات کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ڈپٹی کلکٹر پر ہونے والے حملے پر افسوس کا اظہار کیا اور بتایا کہ وفاقی حکومت سمگلنگ کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے تاجروں کو ہڑتال پر جانے کے بجائے مفاہمت کی راہ منتخب کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ ٹریڈرز سے گزارش ہے کہ وہ ہڑتال پر نہ جائیں بلکہ معاملات مل بیٹھ کر حل کریں۔