اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ٹرمپ نے اتفاق کیا ہے کہ مختلف شعبوں میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانا دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی اور عمران خان کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی۔
وزارت خارجہ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم اور امریکی صدر نے ون آن ون اور پھر وفود کی سطح پر مذاکرات کئے، دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ، علاقائی امن، استحکام اور معاشی ترقی کیلئے پائیدار شراکت داری پر بات چیت ہوئی، افغان امن عمل میں پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا، دونوں ملکوں میں طے پانے والے معاملات پر پیشرفت کیلئے حکمت عملی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم نے ملاقات میں کہا افغان امن عمل جاری رکھنا مشترکہ ذمہ داری ہے، پر امن ہمسائیگی کو پاکستان کی خارجہ پالیسی میں اہم ترجیح حاصل ہے، بھارت سے تعلقات میں بہتری دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ عمران خان نےامریکی کارپوریٹ سیکٹر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ امریکی صدر نے خطے میں امن اور پاکستان میں سماجی ترقی کیلئے کیلئے وزیراعظم پاکستان کے ویژن کو سراہا۔
صدر ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کا وائٹ ہاؤس کے داخلی دروازے پر استقبال کیا، مذاکرات کے بعد وزیراعظم اور پاکستانی وفد کو وائٹ ہاؤس کا دورہ کرایا۔ پاکستانی وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی، مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور معاون خصوصی زلفی بخاری بھی شامل تھے۔