'کل کراچی، کوئٹہ، لاہور، پشاور میں جلسے اور اسلام آباد میں احتجاج ہوگا'

Last Updated On 24 July,2019 03:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احسن اقبال نے کہا ہے کہ کل بھرپور یوم سیاہ ہوگا، کراچی، کوئٹہ، لاہور، پشاور میں جلسے اور اسلام آباد میں احتجاج ہوگا، مصنوعی بندوبست زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔

لیگی رہنما احسن اقبال نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ایک سال میں 8 سے 10 لاکھ افراد بے روزگار ہوچکے، برآمدات نیچے جا رہی ہیں، بیرونی سرمایہ کاری میں 50 فیصد کمی آئی، ڈالر 115 کا تھا اب 160 کا ہوگیا ہے، ٹیکس ریونیو میں کمی آئی ہے، ملک میں مہنگائی کی شرح میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے، عمران خان کو ریفارمز کی اے بی سی بھی نہیں آتی، حکومت غلط معلومات دے رہی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا ایک سال میں حکومت نے معیشت کو تباہ کر دیا، ایم ایل ون ریلوے کا پروجیکٹ 7 سے 8 بلین ڈالرز کا ہے، ہم نے بجلی کی کمی پوری کرنے کیلئے بڑی سرمایہ کاری کی تھی، ایم ایل ون ریلوے کا منصوبہ کراچی سے پشاور ٹریک کو جدید بنانا ہے، حکومت کے پاس کوئی معاشی ٹیم نہیں، حکومت کو نواز شریف فوبیا ہے، عمران خان ہمیں گرفتاریوں سے نہ ڈراؤ، اس سال سی پیک کا سب سےبڑا منصوبہ ایم ایل ون ریلوے کا ہے۔