اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب کی انسداد بدعنوانی کارروائیوں میں بین الاقوامی عدم تعاون بڑی رکاوٹ بن گیا۔ نواز شریف کی بیرون ملک جائیدادوں اور کمپنیوں کے لیے سعودی عرب کو لکھے گئے خط کا جواب بھی نہیں آیا۔
نیب نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ایک سال میں باہمی قانونی معاونت کے لیے 50 خطوط لکھے لیکن بیرون ملک سے صرف 5 خطوط کا جواب آیا۔ نواز شریف کی بیرون ملک جائیدادوں اور کمپنیوں کے لیے برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کو بھی خطوط لکھے گئے لیکن سعودی عرب نے ایک خط کا بھی جواب نہیں دیا، صرف ایک ملک نے نیب سے مزید معلومات مانگی جو فراہم کر دی گئی ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ نیب نے بیرون ملک سے مطلوب سات ملزمان کی حوالگی کی بھی درخواست کر رکھی ہے جن پر کارروائی کا انتظار ہے۔