اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔ 2018ء کے اس عرصہ کے مقابلہ میں 2019ء میں دگنی شکایات، انکوائریاں اور انویسٹی گیشنز کو نمٹایا۔
اسلام آباد میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب نے 71 ارب روپے بدعنوان عناصر سے وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے۔ گزشتہ 22 ماہ کے دوران متعلقہ احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے 600 ریفرنس دائر کئے۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل، عالمی اقتصادی فورم، پلڈاٹ اور مشال جیسے قومی وبین الاقوامی معتبر اداروں نے نیب کی کوششوں کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ گیلپ سروے کے مطابق 59 فیصد لوگ نیب پر اعتماد کرتے ہیں۔ نیب نے سی پیک منصوبوں کی نگرانی کے تناظر میں چین کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔
چیئرمین نیب نے تمام ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ وقت کے اندر قانون کے مطابق شکایات، انکوائریاں اور انویسٹی گیشنز کو نمٹائیں تاکہ میگا کرپشن کے مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔