لاہور: (روزنامہ دنیا) محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام امام الاولیاء الشیخ السید علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخشؒ کے 976 ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات جاری ہیں، زائرین کی بڑی تعداد عرس میں شریک ہے۔
حضرت داتا گنج بخشؒ کا 976 ویں سالانہ عرس مبارک کا آغاز چادر پوشی سے کیا گیا۔ تقریب میں وزیر ہاؤسنگ محمود الرشید، صمصام بخاری، چیئرمین کمیٹی نذیر چوہان، ڈائریکٹر جنرل اوقاف طاہر رضا بخاری، ایڈ منسٹریٹر اوقاف سکندر ذوالقرنین و دیگر اوقاف افسران نے شرکت کی۔ تمام حاضرین نے ملک و ملت کی ترقی کے لئے دعا بھی کی۔
بعدازاں وزیر ہاؤسنگ محمود الرشید نے ڈائریکٹر جنرل اوقاف طاہر رضا بخاری کی کتاب دارالسالکین کی رونمائی بھی کی۔ حسبِ روایت سبیل دودھ کا افتتاح کیا گیا۔ عرس مبارک کی تقریب میں ہر طرف درود و سلام و تلاوت قرآن پاک کی صدائیں بلند ہوتی رہیں۔
لاہور سمیت ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری رہا، زائرین کے لئے انتظامیہ کی جانب سے خصوصی لنگر کے انتظامات کئے گئے جبکہ سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے، قرآت کی محفل سجائی گئی، محفل نعت کا ہدیہ بھی پیش کیا گیا۔
دوسری جانب حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس پر ناقص انتظامات، ایس ایم ڈی سسٹم نہ چلنے کی وجہ سے عقیدت مند اور زائرین چادر پوشی کی تقریب براہ راست نہ دیکھ سکے، میڈیا کے لئے لگائی گئی سکرین بھی ساراوقت بند رہی، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، گورنر پنجاب چودھری سرور، صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن سرکاری مصروفیات کی وجہ سے عرس کی تقریب میں شریک نہ ہو سکے۔
سالہا سال بعد سیکرٹری اوقاف بھی تقریب کے موقع پر موجود نہیں تھے، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار بھی ساڑھے دس بجے دربار پہنچے۔ اس ضمن میں جب انتظامیہ سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ بارش کی وجہ سے ایس ایم ڈی سسٹم خراب ہو گیا۔