اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے پاکستان کے دورے پر آئے ورلڈ بینک کے صدر نے اہم ملاقات کی جس میں معیشت سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان اور صدر ورلڈ بینک کے درمیان ملاقات میں پاکستانی عوام کو بہترین تعلیم، صحت اور ہنر کی فراہمی پر بھی بات چیت کی گئی جبکہ کاروبار اور روزگار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر بھی شریک تھے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے بھی ملاقات کی جس میں ملک کی معاشی صورتحال، ڈالر کی قدر میں استحکام اور زرمبادلہ ذخائر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سٹیٹ بینک نے شرح سود، افراط زر کنٹرول کرنے کے معاملات اور مالیاتی امور پر وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی۔