کراچی: (دنیا نیوز) کاروبار کے لئے سازگار ماحول کو بہتر کرنے والے" ٹاپ ٹین" ممالک میں پاکستان شامل ہو گیا، ورلڈ بینک کے مطابق ایک سال میں پاکستان کی رینکنگ 28 درجے اوپر آ گئی۔
موجودہ حکومت کا بڑا کارنامہ، کاروبار کے لئے ساز گار ماحول میں زبردست بہتری آ گئی جس کا عالمی مالیاتی ادارے ورلڈ بینک نے اعتراف کیا۔ ورلڈ ڈوئنگ بزنس میں بہتری لانے والے ممالک کی فہرست میں پاکستان ٹاپ ٹین میں شامل ہو گیا۔ پاکستان ورلڈ ڈوئنگ بزنس رینکنگ میں 190 ممالک کی فہرست میں 28 درجے بہتری سے 108 ویں نمبر پر آ چکا ہے۔
ورلڈ بینک رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران پاکستان نے کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لئے کئی اصلاحات کی ہیں جن میں بجلی اور گیس کے نئے کنکشن میں آسانیاں، ٹیکسوں کی آن لائن ادائیگی، جائیداد کی رجسٹریشن سسٹم میں بہتری، کراچی اور لاہور میں تعمیری کام کے پرمنٹ میں آسانیاں، لاہور میں لیبر ڈپارٹمنٹ کی رجسٹریشن فیس ختم، سرحدوں کے ذریعے تجارت میں بہتری اور کمپنیوں پر عائد ٹیکس ریٹ کو کم کیا گیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ڈوئنگ بزنس میں پاکستان کا درجہ بہتر بنانے میں سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن کا کردار سرفہرست ہے۔