لاہور: (دنیا نیوز) بارش کے بعد دوبارہ دھند چھانے کے باعث موٹروے کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا ہے۔ ادھر خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع ابر آلود ہے۔
تفصیل کے مطابق بارش کے نئے سلسلے کے بعد دھند کے ڈیرے جبکہ بالائی پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کا راج ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند نے پھر بسیرا کر لیا ہے۔
حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث موٹروے ایم 5 کو خانیوال سے سکھر تک بند کر دیا گیا ہے۔ قومی شاہراہ پر احمد پور شرقیہ، رحیم یار خان، چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال اور لودھراں بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔
ادھر خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع ابر آلود ہے۔ شہر قائد کی بات کی جائے تو وہاں بھی سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔ کوئٹہ میں شدید سردی سے ہر چیز ٹھٹرا گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب، سندھ کے میدانی اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں دھند کا امکان ہے جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔