اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سیاسی طوفان برپا کرنے کی خواہش رکھنے والوں کے ارمانوں پر اوس پڑ چکی ہے، حکومت اپنے اتحادیوں کی حمایت کے ساتھ نہ صرف مستحکم ہے بلکہ جمہوری اختلاف کو جمہوری انداز میں سلجھا لیا گیا ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہا مسائل اور محرومیوں کے شکار سندھ کیلئے وزیر اعظم عمران خان خوشخبری بن کر کراچی کا دورہ کر رہے ہیں، وہ سندھ کے نوجوانوں کو مایوسیوں سے نجات دلانے کیلئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کریں گے، یہ پروگرام سندھی نوجوانوں کے خوابوں کی تعبیر کی جانب اہم قدم ثابت ہو گا، نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں با اختیار بنانا وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا نوجوانوں کیلئے زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع پیدا کرنے، ترقی کے عمل میں حصہ دار بنانے اور معاشی پہیے کو تیز کرنے کیلئے یہ اقدامات نا گزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نوجوانوں کی امید ہیں، آسان قرضوں کی فراہمی اور مالی معاونت انہیں کاروبار کرنے اور با اختیار بنانے کی جانب اہم سنگ میل ثابت ہو گا، سندھ کے نوجوانوں کی ترقی وفاق ِپاکستان کو مضبوط بنانے کے مترادف ہے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کی خوشحالی و ترقی کے ایجنڈے کو پوری قوت سے آگے بڑھائیں گے۔