پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق خطرات درپیش ہیں: سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

Last Updated On 16 February,2020 04:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ ماحولیاتی مسائل کے باعث عالم انسانیت کو ایمرجنسی صورتحال کا سامنا ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونیوالا دنیا کا بڑا ملک ہے، ہمارا مشترکہ وژن موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا اور پائیدار ترقی ہے، عالمی کوششیں مقاصد کے حصول کیلئے ابھی ناکافی ہیں۔

اسلام آباد میں ماحولیات سے متعلق مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا اثر دنیا کیلئے خطرہ ہے، ان اثرات سے کوئی ملک محفوظ نہیں، پاکستان میں قدرتی آفات سے بہت نقصان ہوا، متاثر ہونے والے افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں عمران خان کی ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق تقریر بہت اہم تھی، کلین اینڈ گرین پاکستان منصوبہ قابل تعریف ہے۔ غربت کا خاتمہ پاکستان کی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے، پائیدار ترقی کے اہداف کیلئے پاکستانی حکومت کوششیں کر رہی ہے، کامیاب جوان ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کامنصوبہ ہے، عمران خان کی سب کیلئےصحت کی سہولتوں کی فراہمی کے وژن سے بہت متاثر ہوں۔

اس سے پہلے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے پاکستان میں افغانستان، تاجکستان اور یمن کے مہاجرین نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل نے کہا کہ افغان جنگ کے دوران 65 لاکھ مہاجرین پاکستان آئے، اس وقت 27 لاکھ مہاجرین پاکستان میں موجود ہیں۔ تاجکستان، یمن اور افغانستان کے ، مہاجرین نے پاکستان میں زندگی، کاروبار سمیت دیگر امور سے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا۔ پاکستان مہمان نواز ملک ہے، پاکستان کی کاوشوں کو سراہنے آیا ہوں۔

قبل ازیں جب انتونیو گوتریس اسلام آباد پہنچے تو اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور حکام نے ان کا استقبال کیا، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات اور 6 بجے مشترکہ پریس کانفرنس ہو گی۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کی وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف سے ملاقات بھی شیڈول ہے، پاکستانی قیادت سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیرکے تمام پہلوؤں سے آگاہ کرے گی۔

انتونیو گوتریس موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ڈسکشن میں شریک ہوں گے، پیر کو دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس برائے افغان مہاجرین میں شرکت کریں گے۔

صدر مملکت اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے اعزاز میں عشایہ دینگے،18 فروری کو سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس لاہور جائیں گے جہاں وہ لمز یونیورسٹی میں طلباء سے ملیں گے۔

سیکریٹری جنرل یون این پولیو مہم کا آغاز کرینگے، وہ بادشاہی مسجد بھی جائیں گے، انتونیو گوتریس نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہ پاکستان دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں شامل ہے، دنیا میں امن کوششوں میں پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے۔ امن کے لیے خدمات انجام دینے پر پاکستانی عوام سے تشکر کا اظہار کرتا ہوں۔

 

Advertisement