سیہون شریف: (دنیا نیوز) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی، وعدوں کے باوجود عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچایا۔ اپوزیشن کی بجائے حکمران جماعت کے اتحادی اور اپنے ہی اراکین اسمبلی قیادت سے ناراض ہیں، حکومت زیادہ دن نہیں چل سکے گی۔
وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بھان سیدآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری کی ضمانت میڈیکل بنیادوں پر ہوئی ہے، انکی طبعیت خراب ہے تاہم وہ بیماری کے باوجود بھی ملکی سیاست پر نظر رکھتے ہیں۔ بلاول بھٹو اس وقت ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، وہ پہلے ہی کہہ چکے کہ یہ حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ملکی عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے، وفاقی حکومت متعدد وعدوں کے باوجود عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا سکی۔ پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، اسمبلی کے اندر ان ہائوس تبدیلی آئینی اور جمہوری طریقے سے آئے گی۔ دیگر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد احتجاجی تحریک چلائیں گے۔