پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے کرونا وائرس پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر ملازمین کو مصافحہ اور روایتی انداز میں بغل گیر ہونے سے روک دیا، ملازمین کو بائیو میٹرک حاضری سے بھی استثنیٰ دے دیا گیا۔
پاکستان میں کرونا وائرس پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر پشاور ہائیکورٹ نے ملازمین کو خصوصی ہدایت نامہ جاری کر دیا۔ رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے میں ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ جوڈیشری ملازمین کو روایتی طریقے سے بغل گیر ہونے اور مصافحہ کرنے سے روک دیا گیا ہے، ملازمین کو بائیومیٹرک حاضری سے بھی استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔
ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ بخار یا کسی کا شکار ملازمین ماسک کا استعمال کریں جبکہ روزانہ نیا ماسک لگانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، باتھ رومز میں تولیے کی بجائے پیپر استعمال کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں، رجسٹرار کی جانب سے ہدایت نامہ ہائیکورٹ مین گیٹ پر بھی آویزاں کر دیا گیا ہے۔